پٹنہ،05؍نومبر (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)ریاست بہار کے مختلف حصوں سے اتوار کے دن تین دردناک حادثات کی خبر مل رہی ہے، جس سے پورا بہا رسوگوار ہوگیا ہے ۔پٹنہ ، حاجی پور ، سمستی پور میں دریا میں ڈوبنے سے 12 افراد کی موت ہو گئی ہے، بہت سے افراد لاپتہ ہیں جن کی تلاش جار ی ہے ۔ پہلا حادثہ پٹنہ میں واقع ہوا جب پٹنہ کے فتوحہ میں واقع دریائے گنگا کے مستانہ گھاٹ پر پکنک منانے گئے 11افراد ڈوب گئے ۔ ان میں سے 6 افراد کی لاش برآمد ہوئی ہے، 3 افراد کو بچایا گیا اور 2 افراد کی اب بھی تلاش جاری ہے یہ واقعہ 11بجے پیش ہوا۔ دراصل ہر سال کارتک میلہ کے موقع پر گاؤں کے لوگ مستانہ گھاٹ پر پکنک منانے جاتے ہیں، اس دوران وہاں بہت بھیڑ بھی جمع ہوتی ہے ۔ دوسری طرف سمستی پور کے باگمتی ندی میں گھاس سے لدی ہوئی ایک کشتی عین دریا میں پلٹ گئی ۔کشتی میں 30 افراد سوار تھے جن میں سے 3 افراد کے لاش برآمد کی جا سکی ہے ۔ اور تیسرا سانحہ حاجی پور میں پیش آیا جب دریائے گنگا میں غسل کے لئے چار لوگ ڈوب گئے ، تین کی موقع پر ہی موت ہوگئی اور چوتھے کا علاج قریبی اسپتال میں ہو رہا ہے ۔ سرکاری ذرائع سے اس بابت کوئی تفصیل سامنے ابھی تک نہیں آئی ہے ، البتہ غرقاب ہونے والے افراد کی تلاش مقامی غوطہ خوروں کے ذریعہ کی جا رہی ہے ۔